یہ عمارت پی آئی بی سبزی منڈی کے قریب غوثیہ کالونی میں پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود میں واقع ہے۔
کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں اتوار کو تین منزلہ رہائشی عمارت گرنے سے دو بہنیں جان کی بازی ہار گئیں جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔ یہ عمارت پی آئی بی سبزی منڈی کے قریب غوثیہ کالونی میں پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود میں واقع ہے۔
حکام نے بتایا کہ عمارت ملحقہ عمارت کی طرف جھکنے کے بعد منہدم ہوگئی، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے پہلے ہی مکینوں کو وہاں سے نکال لیا تھا، لیکن ہلاکتیں اس لیے ہوئیں کیونکہ متاثرین عمارت میں اپنا سامان جمع کرنے کے لیے موجود تھے۔
اطلاع ملنے پر مختلف فلاحی تنظیموں کے کارکنان علاقے میں پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے دونوں بہنوں کی لاشیں نکالیں اور ایک خاتون اور ایک لڑکے کو زخمی حالت میں ملبے سے نکالا۔
زخمیوں کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا۔ جاں بحق ہونے والی بہنوں کی شناخت فوزیہ اور ریما کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ تمام افراد کو بالائی منزل سے نکال لیا گیا تاہم دونوں بہنیں اپنا سامان اکٹھا کرنے میں مصروف تھیں اور نچلی منزل پر پھنس گئیں۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے آس پاس کی عمارتوں اور دکانوں کو بھی خالی کرا لیا گیا تھا۔ ایس ایچ او پرویز بھٹو کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت سے ملحقہ عمارت کے انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور سات سالہ ایان زخمی ہوئے۔
مقتول کے بھائی عارف نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے کوئی پانچ سال قبل عمارت میں مکان خریدا تھا۔ ریسکیو کارکنوں کو ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر موقع پر لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے۔
Comments
Post a Comment